ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں داخل ہونے کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آج دبئی انٹرنشنل کرکٹ اسٹڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین یہ میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کر چکا ہے، جو بھی ٹیم آج جیتے گی وہ فائنل میں انڈیا سے مقابلہ کرے گی اور ہارنے والی ٹیم گھر واپس لوٹ جائے گی۔
سپر فور مرحلے کے ابتدائی میچ میں پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل کے لیے امید باندھ لی تھی۔
دوسری جانب سپر فور کے ابتدائی میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو ہرایا تھا لیکن دوسرے میچ میں انڈیا کے ہاتھوں شکست کے بعد آج کا میچ ٹائیگرز کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
سری لنکا تین میچوں میں سے دو ہار کر اس دعوے داری سے ہی باہر ہوچکا ہے، لیکن اس کا آخری میچ انڈیا کے ساتھ ہونا ابھی باقی ہے۔
واضح رہے میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔







