سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق یہ منصوبہ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ہاکی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نئی نسل کو قومی کھیل کی جانب راغب کرنا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کے ایک ہزار اسکولوں کو جدید اور مکمل ہاکی سامان فراہم کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں اور کھیلوں کا کلچر مضبوط بنایا جا سکے۔
ایک سالہ جامع پروگرام کے تحت حکومتِ پاکستان، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور نجی شعبے کے اسپانسرز کے مالی و تکنیکی تعاون سے مختلف اسکولوں میں ہاکی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔ اس دوران بین المدارس ٹورنامنٹس اور خصوصی کوچنگ کیمپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے
— Pakistan Sports Board (@Pak_SportsBoard) June 2, 2026
🇵🇰🏑
انڈر 18 ایشیا کپ سے لے کر بڑے عالمی مقابلوں تک، ہمارے کھلاڑی ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔#PSB #PHF #PakistanHockey #GreenShirts #AsiaCup #WorldCup2026 pic.twitter.com/7LdMuRte4x
پی ایچ ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے ذریعے ہزاروں باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جن میں سے منتخب کھلاڑیوں پر مشتمل ایک مضبوط انڈر-15 قومی پول تشکیل دیا جائے گا جو مستقبل میں پاکستان ہاکی کے لیے نئی صلاحیتوں کی بنیاد بنے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ منصوبے کے لیے مختص تمام فنڈز شفاف انداز میں خرچ کیے جائیں گے تاکہ ملک کے زیادہ سے زیادہ اسکول اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان قومی کھیل کی مضبوط بنیادیں استوار کرنے، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور پاکستان ہاکی کی گمشدہ شان و شوکت کی بحالی کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم ثابت ہوگا۔






