آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلہ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں شیڈول ہے، تاہم حکومتِ پاکستان نے اتوار 15 فروری کو انڈیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے اس فیصلے کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے انعقاد پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث آئی سی سی بھی تشویش میں مبتلا دکھائی دیتی ہے۔
پاکستان کی جانب سے گروپ میچ میں انڈیا کے خلاف نہ کھیلنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے انڈین ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود طے شدہ شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کے لیے کولمبو کا سفر کرے گی۔
جمعرات کو ممبئی میں کپتانوں کی پری ٹورنامنٹ پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ ہماری سوچ بالکل واضح ہے، ہماری فلائٹس بک ہیں اور ہم سری لنکا جا رہے ہیں۔
Indian captain Suryakumar’s reaction after Pakistan pulls off a boycott stunt
— TIMES NOW (@TimesNow) February 5, 2026
Team flight to Colombo booked. We will play. Our mindset is very clear. Pakistan is free to take its own call : Suryakumar Yadav@karishmasingh22 & @HeenaGambhir with more details. pic.twitter.com/cDh4XElM3C
یہ سوال بھی سامنے آ رہا ہے کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود انڈین ٹیم کو سری لنکا کیوں جانا پڑ رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں انڈیا کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان کو اس میچ کے دو پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا، جب کہ یہ دو پوائنٹس انڈیا کو مل جائیں گے۔
تاہم آئی سی سی قوانین کے مطابق انڈیا کو یہ دو پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انڈین ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول پر مکمل عمل کرے۔ اس مقصد کے لیے انڈین ٹیم کو مقررہ مقام پر وقت پر پہنچنا ہوگا، شیڈول کے مطابق تمام تیاری مکمل کرنا ہوگی اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرنا ہوگا۔
🗣️ Suryakumar Yadav on Pakistan boycotting India match:
— Cricwick (@Cricwick) February 5, 2026
"I think mindset is pretty clear. We have not said no to playing the match. It came from the other side. ICC has given the official fixtures. BCCI and the government has decided on a neutral venue along with ICC. Our flight… pic.twitter.com/OxMMVYgq41
انڈین کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق انڈین ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کی مکمل پابندی کرے گی، اور 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس سیشن، پریس کانفرنس اور اسٹیڈیم آمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی قوانین کے تحت میچ والے دن اگر پاکستان ٹیم میدان میں موجود نہیں ہوتی تو انڈین ٹیم میچ ریفری کی جانب سے باضابطہ طور پر میچ منسوخ کیے جانے کے فیصلے کا انتظار کرے گی، جس کے بعد ہی انڈیا کو دو پوائنٹس دیے جا سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا، جب کہ پاکستان کے گروپ میں انڈیا کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا شامل ہیں۔







