لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 158 رنز کا ہدف 42ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس سے قبل پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث آسٹریلوی ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم پاکستانی باؤلرز نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

آسٹریلوی کپتان جوش انگلس 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ مارنس لیبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز اسکور کیے۔ ایڈم زمپا 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔

158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بابر اعظم نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، جبکہ معاذ صداقت 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

میچ کے اختتامی مراحل میں عبدالصمد اور شاداب خان نے ساتویں وکٹ کے لیے 49 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے پاکستان کو فتح دلائی۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 42 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم فیصلہ کن مقابلے میں کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سیریز اپنے نام کر لی۔