لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 40 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے، جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

عثمان خان نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ شاداب خان 29 اور محمد نواز 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، صاحبزادہ فرحان 5، صائم ایوب 23 اور بابر اعظم 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم سلمان علی آغا اور عثمان خان کی شراکت نے ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔

199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مچل مارش 18، ٹریوس ہیڈ 4 اور انگلس 5 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، ابرار احمد اور دیگر بولرز نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ کو جمنے نہ دیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کی گئیں، عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا، جب کہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

واضح رہے کہ پہلے میچ میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی، یوں قومی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔