قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی اپنی مہارت دکھائی اور جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 140 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر چھ گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم کی زمہ دارانہ47 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز نے پاکستان کو ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کپتان سلمان علی آغا 33 اور صاحب زادہ فرحان 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب ایک بار پھر بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے، حسن نواز صرف پانچ رنز ہی بنا سکے، جب کہ آل راؤنڈر محمد نواز بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان چھ اور فہیم اشرف چار رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔
پروٹیز باؤلرز کوربن بوش اور لیزاڈ ویلیمز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینڈائل سیمیلین اور کپتان ڈنووان فریرا نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل پاکستانی باؤلرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے فائنل میچ میں شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پروٹیز ٹیم کو 139 رنز تک محدود کردیا تھا۔
لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پروٹیز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز ہی بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہنڈریکس 34، کوربن بوش 30 اور کپتان ڈنووان فریرا 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میچ کے پہلی ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے شاندار آغاز کیا۔ انہوں نے پہلی گیندوں پر ہی کوئنٹن ڈی کاک کو آؤٹ کیا اور اگلی گیند پر پریٹوریس کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج کر جنوبی افریقہ کو دباؤ میں ڈال دیا۔
ابتدائی دو وکٹوں کے نقصان کے بعد جنوبی افریقی بیٹرز دفاعی حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے محتاط کھیل پیش کرتے رہے۔ تاہم پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی لائن اور لینتھ کے ساتھ حریف بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ ڈیبیو کرنے والے اسپنر عثمان طارق اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستانی اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو آرام دیا گیا جب کہ اسپنر عثمان طارق پاکستان کے لیے آج اپنا ٹی 20 ڈیبیو کریں گے, جب کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی آج ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچوں میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔







