ایمسٹل وین کے واگنر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت تک مقابلہ 4-4 سے برابر رہا، جس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پاکستان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 3-4 سے شکست دی۔ فیصلہ کن گول سابق کپتان عماد بٹ نے کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے عالمی کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی، جو گزشتہ 20 برسوں کے دوران ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بہترین پوزیشن ہے۔
پاکستان نے 2010 اور 2018 کے عالمی کپ میں 12ویں پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ 2014 اور 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔ پاکستان کی اس سے بہتر کارکردگی آخری مرتبہ 2006 میں سامنے آئی تھی، جب قومی ٹیم نے چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے ابتدا میں برتری حاصل کی۔ ٹریور ڈی لورا نے آٹھویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی، جبکہ دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ڈایان کیسیئم نے دوسرا گول کردیا۔
پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے افراز اور محمد عماد کے گولز کی مدد سے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں رانا وحید اشرف نے گول کرکے پاکستان کو پہلی مرتبہ برتری دلائی، تاہم جنوبی افریقہ نے 40ویں منٹ میں مصطفیٰ کیسیئم کے گول کی بدولت مقابلہ ایک مرتبہ پھر برابر کردیا۔
چوتھے کوارٹر میں جنوبی افریقہ نے 55ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے 4-3 کی برتری حاصل کرلی، تاہم پاکستان نے آخری لمحے تک ہمت نہ ہاری۔
میچ کے آخری منٹ میں محمد حمادالدین نے گول کرکے پاکستان کو 4-4 سے برابری دلادی اور میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچ گیا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم پاکستان نے 4-3 سے کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔







