پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے 65 ملین روپے کی سرکاری گرانٹس کے ایڈجسٹمنٹ اکاؤنٹس جمع نہ کروانے پر سابق صدر، سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ایس بی کی جانب سے نیٹ بال فیڈریشن کے چھ سابق عہدیداروں پر قومی و بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اسپورٹس بورڈ نے وارننگ دی ہے کہ گرانٹس کے استعمال کا مکمل مالی ریکارڈ سات دن میں جمع نہ کرانے پر مزید سخت کارروائی کی جائے گی اور فیڈریشن سمیت عہدیداران کے اکاؤنٹس بند یا سیز کر دیے جائیں گے۔
اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ اکاؤنٹس جمع کرانے پر پابندی ختم ہو سکتی ہے، نیٹ بال فیڈریشن کو اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2022-24 کے دوران پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے 65 ملین روپے کی سرکاری گرانٹس کے ایڈجسٹمنٹ اکاؤنٹس جمع نہیں کرائے گئے۔






