پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان کے مطابق فیفا نے پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم کو بین الاقوامی فیفا سیریز میں شرکت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

پی ایف ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی ویمنز ٹیم کی یہ شمولیت ملک میں خواتین فٹ بال کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ترقی اور عالمی سطح پر اس کی صلاحیتوں کے اعتراف کی علامت ہے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ اعلان پاکستان میں ویمنز فٹ بال کے ایک نئے دور کے آغاز کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ فیفا سیریز میں شمولیت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل معیار کے مقابلے کھیلنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کے کھیل میں نکھار آئے گا اور مستقبل میں بڑے ٹورنامنٹس تک رسائی کی راہیں کھلیں گی۔