رائزنگ اسٹار ایشیا کپ میں شاہینز کی شان دار پرفارمنس پر ردِعمل دیتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے دبنگ، نڈر اور ناقابلِ فراموش کارکردگی پیش کی، جس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے جس جذبے اور خوداعتمادی کے ساتھ کھیل دکھایا، وہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ پر بھی کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’بیک ٹو بیک شاندار کارکردگی پر پوری ٹیم کے جذبے پر فخر ہے۔ ان لڑکوں پر اعتماد رکھیں، یہ ملک کے لیے اپنا سب کچھ دے رہے ہیں۔‘‘
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا۔
پاکستانی شاہینز کی انڈیا اے کے خلاف فتح نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں نئی روح پھونک دی بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی بے حد خوش کردیا، جو اس جیت کو مستقبل کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دے رہے ہیں۔







