نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق سلطان گولڈن نے 2022 میں قائم کیے گئے تیز ترین ریورس ڈرائیو کے عالمی ریکارڈ کو توڑتے ہوئے ایک میل کا فاصلہ محض 57 سیکنڈز میں طے کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک امریکی اسٹنٹ مین کے پاس تھا، جس نے 2022 میں ایک میل کا فاصلہ ایک منٹ 15 سیکنڈز میں مکمل کیا تھا۔

ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مایہ ناز اسٹنٹ مین نے ڈی ایچ اے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب کے دوران ریورس ڈرائیو ریمپ جمپ کا ایک اور عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ سلطان محمد گولڈن نے طویل فاصلے کی ریورس ڈرائیو کے دوران کامیابی سے ریمپ جمپ مکمل کیا، جس پر شائقین نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق سلطان گولڈن نے دور مقام سے ریورس ریمپ جمپ میں 121.72 فٹ طویل جمپ لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جب کہ اس سے قبل اس کی حد 89 فٹ 3.25 انچ تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سلطان گولڈن کو دو عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر 5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔