پاکستان کے مکس مارشل آرٹ (ایم ایم اے) فائٹر رضوان علی نے دبئی میں ہونے والے ہائی وولٹیج مقابلے میں انڈین حریف رانا پرتاپ سنگھ کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے دھول چٹا دی۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق، پاکستانی فائٹر نے آغاز سے ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے طاقتور مکوں اور تکنیک سے بھارتی حریف کو بے بس کر دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ رضوان علی نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے مسلسل گیارویں فتح اپنے نام کی۔
تاریخی کامیابی کے بعد رضوان علی نے کہا کہ وہ یہ جیت پوری قوم اور پاک فوج کے نام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، میں نے انڈین حریف سے ہاتھ نہیں ملایا، اسے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اسے شکست دوں گا، پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
فائٹ کے موقع پر یو ایف سی چیمپئن خمزت چمیائف بھی خصوصی طور پر دبئی پہنچے۔ فائٹ کے بعد انہوں نے رضوان علی کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔






