نیویارک میں منعقدہ تقریب ون ورلڈ, ون گیم, ون گول: فٹبال فار یوتھ مینٹل ہیلتھ اینڈ ویل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کئی فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے سرکاری میچ بالز تیار کرنے کی روایت رکھتا ہے اور TRIONDA اسی کامیاب سلسلے کی نئی کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنرمندوں کے ہاتھوں تیار ہونے والی یہ گیند صرف کھیل کا سامان نہیں بلکہ معیار، مہارت، روزگار اور مختلف قوموں کو جوڑنے والی کھیلوں کی طاقت کی علامت بھی ہے۔
رانا مشہود کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کھیلوں کو نوجوانوں کی ذہنی صحت، خوداعتمادی، سماجی شمولیت اور مثبت طرزِ زندگی کے فروغ کا اہم ذریعہ بنا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فٹبال سمیت دیگر کھیل نوجوانوں میں باہمی احترام، برداشت، ٹیم ورک اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جب کہ کھیل پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول میں بھی مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: میسی کا آخری امتحان یا یامال کے نئے دور کا آغاز؟ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں آج ارجنٹائن اور اسپین مدِمقابل ہوں گے
تقریب میں مختلف ممالک کے پالیسی سازوں، اقوام متحدہ اور فیفا کے نمائندوں، نوجوان رہنماؤں اور کھیلوں کے ماہرین نے شرکت کی، جہاں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کھیل کس طرح نوجوانوں کی ذہنی صحت، سماجی ہم آہنگی اور عالمی امن کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جب نوجوان ایک ساتھ کھیلتے ہیں تو وہ ایک ساتھ کھڑا ہونا سیکھتے ہیں اور جو نسل ایک ساتھ کھڑی ہوتی ہے وہ زیادہ پرامن، جامع اور بہتر دنیا تعمیر کر سکتی ہے۔







