میڈیا رپورٹس کے مطابق، راشد نسیم نے رومانیہ کے معروف انٹرنیشنل ٹی وی شو دی ٹکٹ میں شرکت کے دوران اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے ناظرین اور ججز کو حیران کر دیا۔
راشد نسیم نے ایک ہی پروگرام میں چار ناقابلِ یقین عالمی ریکارڈز قائم کر کے نہ صرف دنیا بھر کو متاثر کیا بلکہ پاکستان کا پرچم بھی سربلند کر دیا۔
تمام ججز ان کی رفتار، طاقت اور مہارت سے دنگ رہ گئے، جب کہ ناظرین کے چہروں پر حیرت، جوش اور تجسس کے تاثرات نمایاں تھے۔
راشد نسیم نے اپنی پرفارمنس کا آغاز کہنی کے ساتھ کنکریٹ بلاکس توڑنے سے کیا، اس کے بعد آنکھوں پر پٹی باندھ کر طاقتور ضربوں سے کولڈ ڈرنک کین کرش کیے۔
تیسری کوشش میں انہوں نے سر کی مدد سے لوہے کی کیل ٹھونکنے کا حیران کن مظاہرہ کیا، اور آخر میں ناریل توڑنے اور کین کرش کرنے کی شاندار کارکردگی سے پروگرام کا اختتام کیا۔
پروگرام کے اختتام پر راشد نسیم نے پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے ججز اور شرکاء کو سندھی اجرک پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
راشد نسیم اس سے قبل اٹلی، جرمنی، اسپین، کوریا، چین، سنگاپور اور رومانیہ سمیت کئی ممالک میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
وہ واحد پاکستانی ہیں جو بغیر کسی حکومتی سرپرستی کے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں اور اب تک کئی سو عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔







