سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران عثمان خواجہ نے اپنے اہلِ خانہ، والدین، اہلیہ اور دونوں بیٹیوں کی موجودگی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلیں گے، جہاں سے ان کے خوابوں کی شروعات ہوئی تھیں اور جہاں وہ پلے بڑھے۔

39 سالہ عثمان خواجہ نے بتایا کہ وہ اس فیصلے سے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کر چکے ہیں۔ تاہم وہ بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کوئنزلینڈ کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ عثمان خواجہ نے 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور آسٹریلیا کی جانب سے 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 6206 رنز اسکور کیے، جن میں 16 سنچریاں شامل ہیں، جب کہ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد رنز بنائے۔

عثمان خواجہ 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر بھی قرار پائے۔ وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلمان ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے عثمان خواجہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے آسٹریلوی کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کیا، جب کہ عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے آف دی فیلڈ بھی ایک مثبت میراث قائم کی۔

ٹوڈ گرین برگ نے آسٹریلیا کرکٹ کی جانب سے عثمان خواجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے شاندار کیریئر پر مبارکباد بھی پیش کی۔