تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے پہلی بار پاکستان کے میچز کے لیے باقاعدہ اردو کمنٹری فیڈ تیار کرنے کا اعلان کیا ہے، جو پی ٹی وی ہوم پر نشر کی جائے گی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی دستیاب ہوگی۔

آئی سی سی کے مطابق انڈیا میں اس ٹورنامنٹ کی نشریات جیو اسٹار کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جہاں شائقین اسٹار اسپورٹس پر لکیری ٹیلی ویژن اور جیو ہاٹ اسٹار ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے میچز دیکھ سکیں گے۔

 ہر میچ انگریزی، ہندی، تامل، تیلگو اور کنڑ زبانوں میں دستیاب ہوگا، جب کہ اضافی علاقائی فیڈز بنگالی، بھوجپوری اور ہریانوی جیو ہاٹ اسٹار پر فراہم کی جائیں گی۔ مراٹھی اور ہندوستانی اشاروں کی زبان میں کوریج ٹیم انڈیا کے تمام میچز، سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے دستیاب ہوگی۔

شریک میزبان سری لنکا میں ڈائیلاگ ٹی وی آفیشل براڈکاسٹ پارٹنر کے طور پر دی پاپرے ڈاٹ کام ویب سائٹ اور ڈائیلاگ پلے موبائل ایپ کے ذریعے لکیری ٹیلی ویژن کے ساتھ جامع کوریج فراہم کرے گا۔

ڈائیلاگ ٹی وی پر تمام میچز کے لیے سنہالی زبان کا فیڈ بھی دستیاب ہوگا، جب کہ کوریج کو فری ٹو ایئر پارٹنر ٹی وی سپریم اور سری لنکا ٹیلی کام کے پلیٹ فارم پی ای او ٹی وی کے ذریعے مزید وسعت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود انڈین ٹیم ورلڈ کپ میچ کے لیے سری لنکا جائے گی، سوریا کمار یادیو

یونائیٹڈ کنگڈم اور آئرلینڈ میں شائقین اسکائی اسپورٹس کرکٹ اور اسکائی اسپورٹس مین ایونٹ پر میچز دیکھ سکیں گے، جب کہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ ناؤ پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی۔ اسکائی اسپورٹس سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ہندی کمنٹری بھی فراہم کرے گا۔

اٹلی میں اپنے پہلے آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے موقع پر اسکائی اٹالیا اٹلی کے تمام میچز، سیمی فائنلز اور فائنل کی لائیو کوریج اپنے پلیٹ فارمز پر فراہم کرے گا۔

جنوبی افریقہ میں پروٹیز کے شائقین سپر اسپورٹ کے ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تمام میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کی کوریج پرائم ویڈیو پر فراہم کی جائے گی، جہاں انڈیا کے تمام میچز، سیمی فائنل اور فائنل کے لیے اضافی ہندی کمنٹری فیڈ بھی دستیاب ہوگی۔ نیوزی لینڈ میں اسکائی اسپورٹ کوریج فراہم کرے  گا۔

امریکا اور کینیڈا میں ولو ٹی وی آئی سی سی ایونٹس کی لائیو کوریج جاری رکھے گا، جہاں تمام 55 میچز انگریزی میں دستیاب ہوں گے۔ ٹیم یو ایس اے کے تمام میچز امریکا اور کینیڈا میں ناظرین کے لیے مفت ہوں گے اور ولو کے آفیشل یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہوں گے۔جوم بوائے کے تعاون سے امریکا بمقابلہ انڈیااور امریکا بمقابلہ پاکستان میچز کے لیے متبادل کمنٹری بھی فراہم کی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے خطے میں ٹورنامنٹ کرک لائف میکس پر نشر کیا جائے گا، جو اسٹارز پلے کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ ووکس، ریل، راکسی، سینی پولس، اسٹار، مکتا اور بحرین کے سینما گھروں میں بھی میچز بڑی اسکرین پر دکھائے جائیں گے۔

کیریبین جزائر میں تمام میچز ای ایس پی این پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے، جب کہ لاطینی امریکا میں ڈزنی پلس ایپ کے ذریعے اسٹریمنگ کی جائے گی۔ برازیل میں منتخب میچز پرتگالی کمنٹری کے ساتھ ای ایس پی این کے لکیری ٹی وی پلیٹ فارمز پر دکھائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: سیالکوٹ اسٹالینز نے تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا

بنگلہ دیش میں ٹوٹل اسپورٹس مینجمنٹ کے تحت ٹی اسپورٹس، ناگورک ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم ربیتھول ایونٹ کی کوریج فراہم کریں گے۔ دیگر براڈکاسٹرز میں پی این جی ڈیجی سیل (پیسیفک جزائر)، ہب اسپورٹس فور (سنگاپور) اور لیمر ٹی وی (افغانستان) شامل ہیں، جہاں پشتو اور دری کمنٹری بھی فراہم کی جائے گی۔

 نیپال میں کانتی پور ٹی وی ٹورنامنٹ نشر کرے گا، جب کہ نیپالی کمنٹری بعض علاقوں میں آئی سی سی ٹی وی کے ذریعے بھی دستیاب ہوگی۔

نیدرلینڈز میں ڈچ براڈکاسٹر این او ایس نیدرلینڈز کے تمام میچز براہِ راست نشر کرے گا، جب کہ ملائیشیا اور ہانگ کانگ میں میچز کرک بز چینل کے ذریعے ایسٹرو کرکٹ اور پی سی سی ڈبلیو کے تعاون سے دکھائے جائیں گے۔

باقی تمام خطوں میں ٹورنامنٹ آئی سی سی کے زیرِ ملکیت اسٹریمنگ پلیٹ فارم آئی سی سی ڈاٹ ٹی وی پر لائیو اور مفت دستیاب ہوگا، جہاں جاپانی اور بہاسا سمیت کثیر لسانی کمنٹری کے آپشنز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

لائیو ویڈیو کوریج کے علاوہ انگریزی زبان میں ورلڈ فیڈ آڈیو کمنٹری آئی سی سی موبائل ایپ کے ذریعے عالمی سطح پر دستیاب ہوگی۔ برطانیہ اور آئرلینڈ میں ریڈیو کوریج بی بی سی فراہم کرے گا، جب کہ آسٹریلیا میں سامعین اے بی سی اور ایس ای این کے ذریعے میچز سن سکیں گے۔ انڈیا میں آل انڈیا ریڈیو لائیو آڈیو کمنٹری پیش کرے گا، جب کہ سری لنکا میں تمام میچز کی بال بائی بال کمنٹری ڈیرانا ایف ایم پر نشر کی جائے گی۔