لارڈز میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 180 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے اذان اویس 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سعود شکیل نے 16، کپتان بابر اعظم نے 8، محمد رضوان نے 7 اور عبداللہ شفیق نے 5 رنز بنائے۔
پاکستان کی آخری وکٹ اس وقت باقی رہی جب امام الحق انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے 4، جوفرا آرچر نے 3 جبکہ جوش ٹونگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز سے کیا۔ انگلینڈ کی آخری وکٹ گس ایٹکنسن کی صورت میں گری، جو 45 رنز بناکر علی عثمان کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ 61 اور جارڈن کاکس 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کے محمد عباس نے 4 جبکہ محمد علی نے 3 اور خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے روز بارش اور خراب روشنی کے باعث کھیل متاثر ہوا اور صرف 56 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے انگلینڈ پر دباؤ برقرار رکھا، تاہم جیمی اسمتھ اور جارڈن کاکس کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ 290 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
پاکستان کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔







