پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55 جب کہ فخر زمان نے 45 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچایا۔

ٹاپ آرڈر بلے باز صائم ایوب نے 39 رنز بنائے، جب کہ بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور سات رنز بنا کر چلتے بنے، ان کے علاوہ حسن نواز بھی صرف ایک رن بنا کر واپسی کی راہ پر چلے گئے اور محمد نواز نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی، ڈونووِن فریرا اور کوربن بوش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ جارج لنڈے اور بجورن فورچوئن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 49.1 اوور میں 263 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پروٹیز کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک 63 اور لوان ڈرے پریٹوریئس 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار لوٹ آئی ہے، جہاں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آمنے سامنے ہیں، جہاں جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کرتے ہوئے 264 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور لوان ڈرے پریٹوریئس نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو شاندار اوپننگ فراہم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے بغیر کسی نقصان کے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔

پریٹوریئس 57 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جب کہ ڈی کوک نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو کر 63 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

ٹونی ڈی زورزی نے 18 رنز بنائے اور وہ بھی صائم ایوب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پروٹیز کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیبیو کرنے والے سینیتمبا قیشیلے 22 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ڈونووین فریرا تین، جارج لنڈے دو، رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کاربن بوش نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے تین تین، صائم ایوب دو جب کہ محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سینیتمبا قیشیلے آج اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر ڈیوالڈ بریوس کی انجری کے باعث موقع دیا گیا۔ اوپنر لوان ڈرے پریٹوریئس بھی اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز اسی میچ سے کر رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے اپنے پہلے ون ڈے بطور کپتان کھیلنے کو اعزاز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا فارم میں واپس آنا پاکستان ٹیم کے لیے بہت حوصلہ افزا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی، جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے دو، ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔