راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 300 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں مہمان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی۔
سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا، تاہم وہ ہدف حاصل نہ کر سکے۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں سدیرا سماراویکراما (39)، کامل میشارا (38) اور پاتھم نیسانکا (29) رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، جب کہ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کی دعوت پر قومی ٹیم نے  بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر سری لنکا کو 300 رنز کا ہدف دے دیا۔
اس سے قبل سلمان علی آغا کی ناقابلِ شکست سنچری، حسین طلعت کے 62 رنز اور محمد نواز کی 36 ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 300 رنز کا ہدف دے دیا۔
قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے اور سری لنکا کو 300 رنزکا ہدف دیا۔
سلمان علی آغا نے 87 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کو ابتدائی نقصان اُس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر صائم ایوب صرف 6 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
دوسری وکٹ کے لیے فخر زمان اور بابر اعظم نے 54 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم فخر زمان 32 رنز بنا کر ہسارنگا کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔
اس کے بعد محمد رضوان محض پانچ رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم بھی 29 رنز بنا کر ہسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اختتامی اوورز میں سلمان علی آغا اور حسین طلعت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔
حسین طلعت نے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ محمد نواز 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے وانندو ہسارنگا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور مہیش ٹھیکشانہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پاکستانی ٹیم میں آج ابرار احمد اور محمد وسیم کی غیر موجودگی میں ایک تبدیلی کی گئی، کیونکہ دونوں کھلاڑیوں کی طبیعت ناساز ہے۔
پاکستانی ٹیم کا فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ حصہ ہیں۔
سری لنکن ٹیم میں پاتھم نسانکا، کمیل مشارا، کوسل مینڈس، سماراوکراما، چرِتھ اسالنکا، دیلشن لیانگے، کامندو مینڈس، وانندو ہسارنگا، دُشمنتا چمیرا، مہیش ٹھیکشانہ اور اسیتھا فرنینڈو شامل ہیں۔
پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرا ایک روزہ میچ جمعرات کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔