راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 68 رنز کا ہدف ملا جو مہمان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
دن کا آغاز پاکستان کے لیے مایوس کن ثابت ہوا۔ چوتھے روز جب کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم نے 94 رنز پر چار وکٹیں گنوائی ہوئی تھیں، بابر اعظم اور محمد رضوان کریز پر موجود تھے۔ بابر اعظم نصف سنچری مکمل کرتے ہی سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے۔ اس کے بعد وکٹوں کا سلسلہ رک نہ سکا اور پوری ٹیم 138 رنز تک محدود رہی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو ربادا نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز ریان رکلٹن اور ایڈن مارکرم نے پراعتماد آغاز کیا۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دو وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے ایڈن مارکرم اور ٹرسٹن سٹبز کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم:
شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، آصف آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی۔
جنوبی افریقی ٹیم:
ایڈن مارکرم (کپتان)، ریان رکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرینے، سینوران متھوسوامے، مارکو جینسن، سمن ہارمر، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا۔







