راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔ کھیل کے پہلے ہی اوور میں آصف آفریدی نے کائل ویرین کو صرف 10 رنز پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

مجموعی اسکور میں 19 رنز کے اضافے کے بعد ٹرسٹن اسٹبز، جنہوں نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی تھی، 76 رنز بنا کر آصف آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

210 کے مجموعے پر سمن ہرمر بھی صرف 2 رنز بنا کر آصف آفریدی کا شکار بنے۔ یوں 38 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی نے اپنے پہلے ہی میچ میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

اس کے بعد 235 کے اسکور پر اسپنر نعمان علی نے مارکو جینسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گزشتہ روز جنوبی افریقہ کی اننگز کے آغاز میں رائن ریکلٹن 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے، جبکہ ایڈن مارکرم 32 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار بنے۔

ٹرسٹن اسٹبز اور ٹونی ڈی زورزی کے درمیان ایک اچھی شراکت قائم ہوئی، تاہم زورزی 55 رنز بنانے کے بعد آصف آفریدی کی پہلی وکٹ بنے، جب کہ ڈیوالڈ بریوس کھاتہ کھولے بغیر ہی آصف آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے تھے، اسٹبز 68 اور وکٹ کیپر بلے باز کائل ویرین 10 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کپتان شان مسعود 87، سعود شکیل 66 اور سلمان علی آغا 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 7، سمن ہرمر نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔