یونیورسٹی ترجمان کے مطابق واقعہ نیو کیمپس میں یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس سے ملحقہ فٹ بال گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں کیمپس کالونی کے رہائشیوں اور باہر سے آنے والے چند نوجوانوں کے درمیان فٹ بال میچ جاری تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ریحان گل کے نام سے ہوئی ہے، جو پنجاب یونیورسٹی کے ایک انتظامی ملازم کا بیٹا تھا اور کیمپس کالونی میں رہائش پذیر تھا۔
ترجمان کے مطابق باہر سے آنے والے نوجوانوں کو ریحان گل کا بڑا بھائی نیو کیمپس لے کر آیا تھا۔ میچ کے دوران کسی بات پر دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران ریحان گل کے سر پر چوٹ لگی، جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گیا۔ تاہم چوٹ کس طرح لگی، اس کی حتمی نوعیت اور واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر فائرنگ کی اطلاعات بھی گردش کرتی رہیں، تاہم پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کیمپس میں فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا نوجوان پنجاب یونیورسٹی کا طالب علم نہیں تھا، بلکہ یونیورسٹی کے ایک ملازم کا بیٹا تھا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق واقعے سے متعلق تمام دستیاب شواہد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے تاحال اس واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات یا کسی گرفتاری کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔






