خیبر پختونخوا میں سکیورٹی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جو صوبے میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کرکٹ کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، اسی لیے خیبر پختونخوا کے لیے دو ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع مل سکے۔

چیئرمین پی سی بی نے ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر کہا کہ اس فیصلے کا مقصد صرف بنگلہ دیش کو عزت دینا تھا اور اس کے پیچھے کسی قسم کی شرط یا دباؤ شامل نہیں تھا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی توجہ مکمل طور پر کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق قومی مفاد سب سے مقدم ہے، اس کے بعد دیگر تمام معاملات آتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہے گا۔