کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائٹیڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے رضا ہنڈریکس 51 اور جیسن رائے 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان اور ریچرڈ گلیسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 151 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے سمیر منہاس 58 اور ڈیون کانوائے 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کراچی کنگز کے حسن علی اور معین علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔