نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 101 رنز کا ہدف باآسانی 10.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیوون کونوے 59 اور محمد فائق 34 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جب کہ سمیر منہاس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے واحد وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹیم اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی اور پہلے اوور میں وکٹ گنوانے کے بعد سنبھل نہ سکی، جس کے باعث پوری ٹیم 100 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا 25، حسیب اللہ خان 19، آصف علی 15 اور عبداللہ شفیق 10 رنز بنا کر نمایاں رہے، جب کہ دیگر کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کرس گرین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ عماد وسیم، شاداب خان اور رچرڈ گلیسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کراچی میں بنایا جانے والا کم ترین اسکور ہے۔