لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام نے 50 جبکہ ڈیان فورسٹر نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ محمد رضوان 2، ڈیرل مچل 19 اور عبداللہ فضل نے 23 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن، فہیم اشرف اور سلمان ارشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس 36 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ حیدر علی 26 اور مارک چیپمین 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے علاوہ ڈیون کونوے نے 6 اور محمد فائق نے 19 رنز اسکور کیے۔

یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کراچی کنگز اپنے تینوں میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ 4 میچز میں 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ 5 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ اسلام آباد کا ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔