قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

کوئٹہ سے رائلی روسو نے 54 گیندوں پر 90 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ کپتان سعود شکیل نے 57 رنز جب کہ دنیش چندیمل نے 30 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ مضبوط کیا۔

کراچی کی جانب سے حسن علی اور عباس آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 48 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ ریزا ہینڈرکس نے 87 رنز بنا کر میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

دونوں کے درمیان 141 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی اور ٹیم نے ہدف 18.3 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اس فتح کے باوجود کراچی کنگز کے 10 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ وہ ٹیبل پر مضبوط پوزیشن میں ہیں، تاہم پلے آف میں رسائی کا فیصلہ اب لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور دیگر میچز کے نتائج پر منحصر ہے۔

اگر لاہور اور دیگر حریف ٹیموں کے نتائج کراچی کے حق میں نہ آئے تو کراچی کنگز جیت کے باوجود پلے آف سے باہر ہو سکتی ہے، جب کہ موافق نتائج کی صورت میں وہ آخری پوزیشن پر کوالیفائی کر سکتی ہے۔