لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیر منہاس اور ڈیون کونوے نے کیا۔ ڈیون کونوے 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ ان کے بعد آنے والے آندرے گوس 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارک چیمپین نے 40، سمیر منہاس نے 28 اور فہیم اشرف نے 26 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز اسٹیو اسمتھ اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ صاحبزادہ فرحان صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ اسٹیو اسمتھ نے جوش فلپ کے ساتھ مل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

اسٹیو اسمتھ 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جوش فلپ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود 6 رنز بنا سکے، جب کہ کپتان اشٹن ٹرنر اور عرفات منہاس نے ٹیم کو جیت دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کپتان نے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے مومن قمر نے 3 جبکہ محمد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے راولپنڈی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔