لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے آغاز کی تاریخ 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں فیصلہ تمام فرنچائزز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم پی ایس ایل کے لیے کام کریں گے اور آٹھ جنوری کو نئی ٹیموں کی نیلامی کے دوران بھی موجود ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق دو نئی ٹیموں کی بولی کے لیے 10 پارٹیاں کوالیفائی کر چکی ہیں، جن کے درمیان آٹھ جنوری کو اسلام آباد میں نیلامی ہوگی۔
PCB Chairman Mohsin Naqvi addresses press conference at Gaddafi Stadium, Lahore alongside PCB COO, PSL CEO and Director Media.
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 28, 2025
Watch Live: https://t.co/3k7nN2LnlZ#PCB | #PakistanCricket pic.twitter.com/Yx3GPQXTvi
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر جانب سے غیر معمولی دلچسپی دکھائی جا رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ نیلامی کے روز ٹیمیں اچھی قیمت پر فروخت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوری پی سی بی کے لیے نہایت اہم ہے، ہماری کوشش ہے کہ ٹیمیں بہتر قیمت پر فروخت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیوز چینلز کو اسپورٹس ایونٹس کی جامع کوریج کے لیے وزیر اطلاعات سے بات کریں گے، جب کہ کرکٹ اکیڈمی کو ریجن کی بہترین اکیڈمی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ ریڈ بال کے کوچ کا تقرر ابھی باقی ہے اور اس حوالے سے ٹیم کام کر رہی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں فی الوقت تین ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے انڈر 19 ایشیا کپ میں انڈین کھلاڑیوں کے رویّے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حوالے سے آئی سی سی کو خط لکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انڈین کھلاڑی ہمارے کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتے تو ہمیں بھی ہاتھ ملانے کا شوق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ کھیل میں سیاست نہیں آنی چاہیے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر محسن نقوی نے سابق کپتان وسیم اکرم کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔






