نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

حیدرآباد کنگز مین کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 34 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ اوپنر کُسل پریرا نے 35 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ مارنس لبوشین نے 24 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

پشاور زلمی کے اسپنرز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ افتخار احمد نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا، جب کہ نوجوان سفیان مقیم نے ٹیل اینڈرز کو سنبھلنے نہ دیا۔ دونوں باؤلرز نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

حیدرآباد کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 145 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جب کہ آخری پانچ وکٹیں صرف نو رنز کے اضافے پر گر گئیں۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی دوسری گیند پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جب کہ کُسل مینڈس نے 27 اور مچل بریسویل نے 25 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ حنین شاہ، حسن خان، محمد علی اور مہیش تھیکشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے بعد پشاور زلمی کے چار پوائنٹس ہو گئے ہیں، جب کہ حیدرآباد کنگز مین اب تک ایونٹ میں کوئی میچ نہیں جیت سکی۔