تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز نے پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم کی جانب سے اس شمولیت کی تصدیق سوشل میڈیا کے ذریعے کی گئی، جس کے بعد اس سیزن میں اسٹیو اسمتھ پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ کرکٹ تجزیہ کار مظہر ارشاد کے مطابق، سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کے لیے 14 کروڑ روپے (تقریباً پانچ لاکھ ڈالر) کی رقم ادا کی، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پی ایس ایل 11 کے لیے فرنچائزز کی جانب سے ری ٹین کیے جانے والے کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق پشاور زلمی نے بابر اعظم کو سات کروڑ روپے میں ری ٹین کیا، لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کو سات کروڑ روپے میں برقرار رکھا، جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو سات کروڑ روپے میں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ روایتی ڈرافٹ سسٹم کی جگہ نیلامی پر مبنی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز ہر کیٹیگری سے اب صرف ایک کھلاڑی ری ٹین کر سکتی ہیں اور باقی کھلاڑیوں کو نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔