قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ عبدالصمد 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
YELLOW STORM CLAIMS THE HBL PSL TITLE AFTER NINE YEARS🔥#HBLPSL11 | #NewEra | #PZvHK pic.twitter.com/ejKtQG0PuL
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 3, 2026
دیگر بلے بازوں میں کوشل مینڈس 9، محمد حارث 6، مائیکل بریسویل 4 اور کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ حنین شاہ اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل فائنل میچ میں حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد حیدرآباد کنگز مین کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اور انہوں نے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری بھی اسکور کی۔
کپتان مارنوس لبوشین 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ معاذ صداقت 11 رنز بنا سکے۔
دیگر کھلاڑیوں میں حسان خان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عرفان نیازی اور کوشل پریرا ایک، ایک رن بنا سکے، گلین میکسویل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ حنین شاہ 9 رنز بنا سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ ناہید رانا نے 22 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Hyderabad Kingsmen finish as the runners-up of #HBLPSL11 after an incredible journey to the final! 🏆#NewEra pic.twitter.com/6m2Va40cq5
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 3, 2026
فائنل سے قبل قذافی اسٹیڈیم ہاؤس فل رہا اور ٹاس سے پہلے رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری برادران نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔
میچ سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لاہور نے ہمیشہ ان کی ٹیم کو سپورٹ کیا ہے اور وہ اپنے پلان پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین نے کہا کہ وہ پچ سے مطمئن ہیں اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔







