نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

راولپنڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا۔ سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ گلین میکسویل اور آصف محمود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

حیدرآباد کنگز مین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے عرفان خان نیازی 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ کپتان مارنس لبوشین 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ محمد عامر اور سعد مسعود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس جیت کے بعد حیدرآباد کنگز مین نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے، جب کہ راولپنڈیز  تاحال ٹورنامنٹ میں اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی ہے۔