ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم ارجنٹینا سے وطن واپس آ رہی تھی اور دورانِ سفر جہاز برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے رکا۔ جہاز کے رکنے کے بعد منیجر انجم سعید پر مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کرنے کا الزام عائد کیا گیا، جس پر جہاز کے عملے نے شکایت درج کرائی۔

ذرائع کے مطابق شکایت کے بعد سیکیورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے انجم سعید کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا، جبکہ ایک کھلاڑی بھی ان کے ساتھ رک گیا۔ باقی ٹیم مقررہ وقت پر پاکستان روانہ ہو گئی۔

 ٹیم کے ارکان نے معاملہ حل کرانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی حکام نے جہاز میں سگریٹ نوشی سے متعلق سخت قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کسی قسم کی رعایت نہ دی۔


انجم سعید کا مؤقف

دوسری جانب انجم سعید نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز میں سگریٹ نوشی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک کھلاڑی کے ہمراہ دبئی میں ذاتی کام کے باعث رکے تھے۔

ذرائع کے مطابق بعد ازاں انجم سعید اور متعلقہ کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے، جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے معاملے پر جرمانہ عائد کیا، جس کے بعد صورتحال حل ہو گئی۔