ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے مستقل کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا بھی امکان ہے، تاہم این او سی کا معاملہ ہر کھلاڑی کے لیے کیس بہ کیس دیکھا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک بی پی ایل کے لیے این او سی دینے سے انکار نہیں کیا، لیکن پاکستان کے کرکٹرز کی پوزیشن بی پی ایل کی ٹیموں کے علم میں ہے، جس کے پیش نظر وہ متبادل کھلاڑی دیکھ سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: صائم ایوب ایک بار پھر ٹی20 کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

بی پی ایل اس سال 26 دسمبر سے 23 جنوری تک شیڈول ہے، اس دوران پاکستان ٹیم سری لنکا کے دورے پر ہوگی جبکہ جنوری کے آخر میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز شیڈول ہے۔

بی پی ایل اسکواڈ میں صائم ایوب، خواجہ نافع، صفیان مقیم، صاحبزادہ فرحان، محمد نواز، جہانداد خان، احسان اللہ، حیدر علی، عثمان خان، ابرار احمد اور محمد عامر شامل ہیں۔ صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد اسکواڈ کے مستقل رکن ہیں۔ پاکستان ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز ڈمبولا اسٹیڈیم میں 7، 9 اور 11 جنوری کو کھیلے گی۔