میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور جوش انگلس نے ٹرافی کی رونمائی کی، جبکہ کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشن میں شرکت کرکے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس ہائی پروفائل مقابلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میچ کا ٹاس شام چار بجے ہوگا جبکہ کھیل کا آغاز شام ساڑھے 4 بجے کیا جائے گا۔
قومی ٹیم نے میچ سے قبل نیٹس میں سخت محنت کی۔ پاکستانی بیٹرز نے پہلے مرحلے میں فاسٹ بولرز اور بعد ازاں اسپنرز کے خلاف بیٹنگ کی مشقیں کیں۔ اس دوران ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کھلاڑیوں کو تکنیکی رہنمائی دیتے رہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینا قومی ٹیم کے مستقبل کے لیے ضروری ہے اور ہر کھلاڑی ٹیم کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستانی ٹیم کو ایک مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ میزبان ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستانی شائقین کی میزبانی اور کرکٹ کے لیے جوش و جذبے کو بھی سراہا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والا یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے سیریز کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایک طرف شاہین آفریدی کی قیادت میں نوجوان اور متحرک پاکستانی ٹیم ہے تو دوسری جانب آسٹریلیا کی تجربہ کار اور جارح مزاج ٹیم میدان میں اترے گی، جس کے باعث شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔







