دونوں ٹیموں کی رقابت کا آغاز 1966 کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل سے ہوا، جب ارجنٹینا کے کپتان انتونیو راٹن کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے اور میدان چھوڑنے سے انکار نے شدید تنازع کو جنم دیا۔ انگلینڈ نے یہ میچ 1-0 سے جیتا اور بعد میں پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بھی بنا۔
1986 کے ورلڈ کپ میں میکسیکو سٹی کے ایزٹیکا اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کا دوبارہ آمنا سامنا ہوا۔ فاک لینڈز جنگ کے چند سال بعد ہونے والا یہ مقابلہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا۔ اسی میچ میں ڈیاگو میراڈونا نے متنازع "ہینڈ آف گاڈ" گول کیا، جس کے بعد شاندار انفرادی کوشش سے ایک اور تاریخی گول اسکور کیا۔ ارجنٹینا نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں ورلڈ کپ ٹرافی بھی اپنے نام کر لی۔
1998 کے ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ڈیوڈ بیکہم کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے بعد انگلینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ بھی دونوں ٹیموں کی رقابت کی نمایاں وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے۔
2002 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے ڈیوڈ بیکہم کے پنالٹی گول کی بدولت ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر چار سال قبل کی ناکامی کا حساب برابر کیا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ: مصدق حسین، نیتھن اسمتھ اور شبھمن گل نامزد
اب ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں دونوں روایتی حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہیں۔ شائقین امید کر رہے ہیں کہ یہ مقابلہ بھی ماضی کی طرح ایک تگڑا میچ ہوگا اور فٹبال کی تاریخ میں ایک اور یادگار باب کا اضافہ کرے گا۔







