کرکٹ ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق، روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچوں میں بالترتیب 73 اور 121 ناٹ آؤٹ رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آئی سی سی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے۔

اگرچہ انڈیا نے آخری میچ جیتا، مگر تین میچوں کی سیریز دو-ایک سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

روہت شرما نے ان دو اننگز کی بدولت اپنے کیریئر میں پہلی بار تیسرے سے بڑھ کر پہلے نمبر پر جگہ بنائی، جب کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے مسلسل ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل رہے ہیں۔

ان کی سنچری نے ان کے ریٹنگ پوائنٹس میں نمایاں اضافہ کیا، جس کے باعث وہ افغانستان کے ابراہیم زدران اور انڈین کپتان شبمن گل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست آ گئے۔

آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو بھی آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں شاندار کارکردگی کے باعث ترقی ملی وہ باؤلرز کی درجہ بندی میں چھ درجے اوپر آ کر 31 ویں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں چار درجے ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے۔

ٹاپ 10 میں دیگر تبدیلیوں کے مطابق، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو میچوں کے بعد تین درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل وُڈ باؤلرز کی رینکنگ میں دو درجے اوپر چڑھ کر آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔