میچ کے اختتامی لمحات میں کروشیا نے برابری کا گول کر دیا تھا، تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے آف سائیڈ قرار دے کر گول مسترد کر دیا، جس کے بعد پرتگال نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔
41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے 68ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے نہ صرف پرتگال کو برتری دلائی بلکہ وہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول کرنے والے تاریخ کے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔ اس کے بعد گونکالو راموس نے اضافی ٹائم میں شاندار ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔
کروشیا کی جانب سے ایوان پیریشیچ نے 53ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی تھی، جبکہ اختتامی لمحات میں جوسکو گواردیول نے گول کیا، مگر وی اے آر نے ایگور ماتانووک کی آف سائیڈ پوزیشن کے باعث اسے مسترد کر دیا۔
کروشیا کے کوچ زلاٹکو ڈالیچ نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اس انجام کی مستحق نہیں تھی، جبکہ پرتگال کے گونکالو راموس نے کہا کہ ناک آؤٹ مرحلے کے دباؤ والے مقابلے ہی ان کے پسندیدہ ہوتے ہیں اور وہ بڑے مواقع پر کھیلنا چاہتے ہیں۔
یہ میچ پرتگال کے مرحوم فارورڈ ڈیوگو جوٹا کی المناک وفات کی پہلی برسی سے ایک روز قبل کھیلا گیا، جس کے باعث ٹیم نے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ میچ کے بعد جذباتی کرسٹیانو رونالڈو نے جوٹا کی نمبر 21 شرٹ پہن کر فتح ان کے نام کی اور سوشل میڈیا پر لکھا: "ہم نے یہ کامیابی اپنے لیے، ڈیوگو اور پرتگال کے لیے حاصل کی۔"
مزید پڑھیں: ایمباپے کا ایک اور ریکارڈ، فرانس پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ گیا
میچ کے بعد رونالڈو نے اپنے سابق ساتھی اور کروشین کپتان لوکا موڈرک کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں فٹ بال کا عظیم لیجنڈ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مزید عرصہ بین الاقوامی فٹ بال کھیلتے رہیں گے۔
اب پرتگال کا سامنا پیر کو ڈلاس میں روایتی حریف اسپین سے ہوگا، جبکہ اس مقابلے کی فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں بیلجیئم یا امریکا میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گی۔







