برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے بوتھروئیڈ نے کہا کہ رونالڈو اب ٹیم کے لیے پہلے جیسا مثبت کردار ادا نہیں کر رہے اور انہیں ابتدائی لائن اپ کے بجائے متبادل کھلاڑی کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق تجربہ کار فارورڈ کو میچ کے آخری لمحات میں میدان میں اتارنا زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
سابق انگلش فٹبالر نے مزید کہا کہ رونالڈو کا موازنہ لیونل میسی سے نہیں کیا جا سکتا اور موجودہ صورتحال میں انہیں اپنی ذمہ داریوں کا ازسرِ نو جائزہ لینا چاہیے۔
دوسری جانب پرتگال کے ہیڈ کوچ روبرٹو مارٹینیز نے اپنے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹیم کو گول کی ضرورت ہو تو رونالڈو جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو میدان سے باہر رکھنا درست فیصلہ نہیں ہوگا۔
رونالڈو کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں کانگو کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پرتگال یہ میچ 1-1 سے برابر کھیلنے پر مجبور ہوا، جبکہ رونالڈو متعدد مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔
ادھر لیونل میسی، کیلین ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے ابتدائی میچوں میں گول کر کے اپنی ٹیموں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث رونالڈو کی کارکردگی مزید توجہ کا مرکز بن گئی۔
مزید پڑھیں: 62 شاٹس، صفر گول: ترکی کا ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر
رونالڈو اور میسی ورلڈ کپ کے چھ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں، تاہم اس بار ابتدائی میچ میں ارجنٹائن کے کپتان میسی کی شاندار کارکردگی کے مقابلے میں رونالڈو توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
پرتگال کو اب گروپ مرحلے کے اپنے اگلے میچ میں ازبکستان کے خلاف کامیابی درکار ہے تاکہ ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھ سکے۔






