دونوں اسٹارز کی دشمنی کوئی نئی بات نہیں، لیکن ریسل مینیا 41 کے دوران سی ایم پنک کے ساتھ ہونے والے ٹرپل تھریٹ میچ نے اس کہانی کو نیا موڑ دیا۔

نائٹ ون کے مین ایونٹ میں رولنز نے نہ صرف رینز کو شکست دی بلکہ ان کے قریبی ساتھی پال ہیمن کو بھی اپنے کیمپ میں شامل کر لیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جس نے ان دونوں سابق دوستوں کی دشمنی کو عروج پر پہنچا دیا، اور اب کہا جا رہا ہے کہ یہ تصادم اگلے سال کے ریسل مینیا پر اپنے انجام کو پہنچے گا۔

ڈیَو میلٹزر کے مطابق (ریسلنگ آبزرور رپورٹ) رومن رینز اور سیٹھ رولنز کا ون آن ون میچ جنوری سے پہلے ممکن نہیں۔ ممکنہ طور پر دونوں رائل رمبل میں حصہ لیں گے، اس لیے اصل مقابلہ ریسل مینیا پر ہی متوقع ہے۔

رومن رینز اگلے پی پی وی ایونٹ سروائیور سیریز میں ضرور حصہ لیں گے، لیکن وہ وہاں سنگلز میچ میں نہیں بلکہ وار گیمز کے ایک بڑے مقابلے کا حصہ ہوں گے۔


ریسل مینیا 40 کے بعد جہاں رولنز نے رینز اور ان کے ’بلڈ لائن‘ کو کمزور کیا، وہیں انہوں نے خود ایک نیا فیکشن بنا کر کمپنی پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ اب رولنز اپنے اسی گروپ کے ساتھ رومن رینز کے ’او ٹی سی‘ کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور یہ دشمنی مسلسل شدت اختیار کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ رومن رینز پچھلے ایک سال سے ٹائٹل پکچر سے باہر ہیں، لیکن اگر وہ رائل رمبل 2026 جیت جاتے ہیں تو یہ کہانی مزید دلچسپ ہو سکتی ہے، وہ رولنز کو ہرا کر دو سال بعد دوبارہ چیمپئن بننے کا خواب پورا کر سکتے ہیں۔

البتہ ایک بڑی رکاوٹ اب بھی موجود ہے، رپورٹس کے مطابق رومن رینز کا ڈبلیو ڈبلیو ای معاہدہ ریسل مینیا 42 کے بعد ختم ہو سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ ممکنہ طور پر ان کے کیریئر کا آخری بڑا مقابلہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

مداحوں کی نظریں اب صرف ایک چیز پر ہیں کہ کیا رومن رینز ایک بار پھر عروج پر پہنچیں گے، یا سیٹھ رولنز اپنی بادشاہت کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوں گے؟