افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شاپور زدران افغان کرکٹ کی بنیاد رکھنے والی اہم شخصیات میں شامل تھے، جن کی لگن، عزم اور انتھک محنت نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
بورڈ کے مطابق شاپور زدران نے اپنے پورے کیریئر کے دوران افغانستان کرکٹ کی عزت، جرات اور فخر کے ساتھ نمائندگی کی۔ ان کی خدمات اور کامیابیاں افغان کرکٹ کی تاریخ کا ایک اہم باب رہیں گی، جبکہ قومی ٹیم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اے سی بی نے مزید کہا کہ شاپور زدران صرف ایک بہترین کرکٹر ہی نہیں بلکہ نوجوان افغان کھلاڑیوں اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے بھی ایک تحریک تھے۔ ان کی جدوجہد، ثابت قدمی اور کھیل سے غیر معمولی وابستگی نے ایک پوری نسل کو بڑے خواب دیکھنے اور افغان کرکٹ کے روشن مستقبل پر یقین رکھنے کا حوصلہ دیا۔
شاپور زدران گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور علاج کی غرض سے بھارت میں مقیم تھے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں افغانستان میں طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں رواں سال جنوری میں نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زیر علاج رہے۔ تاہم طویل علالت کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں: ہالینڈ کے دو گول، ناروے نے برازیل کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا
شاپور زدران افغانستان کے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے تھے اور افغان ٹیم کی ابتدائی کامیابیوں میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال پر کرکٹ حلقوں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔







