سری لنکا میں جاری ساف انڈر-17 فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالدیپ کو پانچ دو سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ یہ پاکستان کی اس ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔

ریس کورس گراؤنڈ کولمبو میں کھیلے گئے گروپ میچ میں پاکستانی فارورڈ منصور احمد شاندار فارم میں نظر آئے اور ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ انہوں نے 12ویں اور 32ویں منٹ میں دو گول کیے جب کہ 45ویں منٹ میں پنالٹی پر اپنا تیسرا گول داغا۔

مالدیپ کی جانب سے علی ایلان نے 42ویں منٹ میں گول کر کے خسارہ کم کیا لیکن محمد عبداللہ نے پاکستان کے لیے مزید دو گول اسکور کر کے ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔ عبداللہ نے پہلا گول پہلے ہاف کے اضافی وقت میں پنالٹی پر کیا جب کہ دوسرا گول 61ویں منٹ میں اسکور کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: انڈیا نے عمان کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دے دیا

میچ کے آخری لمحات میں مالدیپ کے محمد شایان شیفو نے 71ویں منٹ میں ایک اور گول کیا تاہم نتیجہ پاکستان کے حق میں رہا۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد دو میچوں میں چھ ہوگئی ہے اور سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہوگئی ہے۔ پاکستان اب اپنا آخری گروپ میچ پیر کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف کھیلے گا جو سیمی فائنل سے قبل ایک بڑا مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔