نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کے زیرِ اہتمام تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں جاری پہلی ساف فٹسال چیمپین شپ میں پاکستان نے اپنا پانچواں میچ کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش کو 5-1 سے شکست دی، جس کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔

پاکستان نے اب تک پانچ میچز میں تین فتوحات حاصل کیں، ایک میچ ہارا اور ایک برابر رہا۔ قومی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان نے پانچ میچز میں 19 گول اسکور کیے، جبکہ اس کے خلاف 16 گول ہوئے۔

قومی فٹسال ٹیم کو پہلے میچ میں مالدیپ کے ہاتھوں 7-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم دوسرے میچ میں پاکستان نے بھوٹان کو 4-2 سے زیر کیا۔ تیسرے میچ میں سری لنکا کو 5-2 سے شکست دی گئی، جبکہ نیپال کی مضبوط ٹیم کے خلاف پاکستان کا مقابلہ 4-4 سے برابر رہا۔

فیفا کی عالمی رینکنگ میں 138ویں نمبر پر موجود پاکستان نے اپنے سے ایک درجہ کم رینکنگ رکھنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کو شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 5-1 سے شکست دی۔ پاکستان اپنا آخری میچ پیر کے روز انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔