ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا کی اننگز کے 28ویں اوور کے دوران بین اسٹوکس زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ کپتان ایک نئی انجری سے دوچار ہیں، جس نے ٹیم مینجمنٹ کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔
بین اسٹوکس بعد ازاں ہاتھ میں بلّا تھامے مختصر وقت کے لیے میدان میں واپس آئے اور انگلینڈ کی دوسری اننگز میں نمبر آٹھ پر بیٹنگ کی، تاہم وہ صرف ایک رن کا اضافہ کر سکے۔
اس دوران میدان میں اسٹوکس کی غیر موجودگی میں ہیری بروک نے انگلینڈ کی کپتانی کے فرائض انجام دیے، جب کہ انگلش بولرز نے آسٹریلیا کو 567 رنز پر آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں جیکب بیتھل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کی قیادت کی اور اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی بھی پہلی سنچری ہے۔ تاہم اس کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور چوتھے دن کے اختتام تک سات وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز سے کم کی برتری حاصل کر سکی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی سیریز میں تین ایک سے پیچھے ہے اور یہ دورہ متعدد انجریز کی نذر ہو چکا ہے۔ بین اسٹوکس کے علاوہ فاسٹ بولر گس اٹکنسن (ہیم اسٹرنگ انجری)، جوفرا آرچر (سائیڈ اسٹرین) اور مارک ووڈ (گھٹنے کی انجری) بھی اس دورے میں مسائل کا شکار رہے ہیں۔







