راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ عثمان خان نے 37 رنز کی قابلِ اعتماد اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز نے 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

فخر زمان 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ صائم ایوب نے 22 اور صاحبزادہ فرحان نے 16 رنز بنائے، تاہم بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان سلمان علی آغا صرف ایک رن بنا سکے۔ زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تین باؤلرز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا۔ زمبابوے کے اوپنرز نے شاندار 72 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم اوپنر کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر پاکستانی باؤلنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔

زمبابوے کی جانب سے برائن بینٹ نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مارونامی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ کپتان سکندر رضا 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا، صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔