راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، سری لنکا کی طرف سے کامل میشارا نے شاندار 48 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی۔

وکٹ کیپر بیٹر کوسال مینڈس نے 40 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا، جنیتھ لیالانگے 24 اور کپتان داسن شناکا 17 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد نے 28 رنز کے عوض دو وکٹیں اپنے نام کیں، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کا ہدف جیت کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنڈی اسٹیڈیم کی پچ باؤلرز اور بیٹرز دونوں کے لیے موزوں دکھائی دیتی ہے۔

قومی ٹیم نے آج کے میچ کے لیے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ اسپنر عثمان طارق اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے، جب کہ فاسٹ باؤلر سلمان مرزا اور اسپنر ابرار احمد کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

سلمان علی آغا کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستان کی ٹیم میں صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان، عثمان خان، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آج کے میچ کی اہمیت کے پیش نظر سری لنکا کے لیے آج فتح انتہائی ضروری ہے۔ جیت کی صورت میں لنکن ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی، جب کہ شکست کی صورت میں فائنل تک رسائی کا فیصلہ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، جہاں فائنل میں پاکستان کا مقابلہ طے پائے گا۔