ایشیا کپ 2025 میں شاہین شاہ آفریدی نے نہ صرف اپنی خطرناک باؤلنگ سے بلکہ شاندار بیٹنگ سے بھی سب کو حیران کر دیا۔ انڈین اسپنر کلدیپ یادیو نے بھی پاکستانی فاسٹ باؤلر کی بیٹنگ کی کھل کر تعریف کی۔
کلدیپ یادیو نے انڈیا کے آخری گروپ میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی اس وقت بیٹنگ میں غیر معمولی اعتماد کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دو میچز میں شاہین کا جارحانہ کھیل سب نے دیکھا ہے، وہ اس وقت زبردست فارم میں ہیں۔
انڈین اسپنر کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے، جس میں ہمیشہ سیکھنے اور بہتر ہونے کا موقع ملتا ہے اور شاہین نے یہ ثابت کیا ہے کہ باؤلرز بھی بہترین بیٹر بن سکتے ہیں۔

شاہین آفریدی کی بیٹنگ نے نہ صرف ماہرین کو حیران کیا ہے بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی نیا اعتماد دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہین کا یہ جارحانہ انداز پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب ٹیم کو لوئر آرڈر سے قیمتی رنز کی ضرورت ہو۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی انڈیاکے خلاف میچ میں 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، جب کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف 14 گیندوں پر 29 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں شاہین آفریدی کی بیٹنگ کی یہ کارکردگی سب سے بڑی خبروں میں شمار ہو رہی ہے۔







