کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم ترین میچ میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انڈیا نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ ٹاس کے موقع پر ایک بار پھر انڈیا کے کپتان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہاتھ نہیں ملایا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے انتہائی مایوس کن آغاز کیا، جہاں ابتدائی اوورز میں ہی چار وکٹیں گنوا کر قومی ٹیم خود دباؤ میں آ گئی۔ اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے پہلے اوور میں پویلین لوٹ گئے، جب کہ صائم ایوب صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سلمان علی آغا نے بھی دباؤ والے میچ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی اور چار رنز بنا کر واپس آئے۔ ان کے ساتھ بابر اعظم نے صرف پانچ رنز کے اضافے کے بعد پویلین لوٹا۔

مڈل آرڈر بلے باز عثمان خان نے کچھ مزاحمت دکھائی اور ٹیم کو حوصلہ دیا۔ انہوں نے شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے 44 رنز بنائے، لیکن وہ بھی ٹیم کو مشکل میں چھوڑ گئے۔ ان کے ساتھ شاداب خان موجود تھے، جو 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد نواز آنے کے بعد صرف چار رنز بنا سکے اور باقی کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔

فہیم اشرف کے آنے کے بعد قومی ٹیم نے دوبارہ امیدیں باندھیں، مگر انہوں نے بھی زیادہ دیر یہ امیدیں قائم نہ رہنے دیں اور 14 رنز بنا کر واپس چلے گئے۔ اس کے بعد ابرار احمد آئے، مگر وہ کھاتہ ہی نہیں کھول سکے اور آؤٹ ہو گئے۔

آخر میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے تھوڑا سا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، انہوں نے 23 رنز بنائے، جب کہ عثمان طارق بھی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔

اس طرح پوری ٹیم مقررہ اوورز سے قبل محض 114 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔

انڈیا کی جانب سے اکشر، بھمرا اور ورن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ہاردک پانڈیا نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

اس سے قبل 27 ویں میچ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ انڈیا کی جانب سے ایشان کشن 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے 32، شیوم ڈوبے 27 اور تلک ورما 25 رنز بنائے، جب کہ ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل اور ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ کپتان سلمان علی آغا، عثمان طارق اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

 دوسری جانب انڈین ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔