وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیے کے دوران شہباز شریف نے جنوبی افریقہ اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور مہمان ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں، جن میں کرکٹ ایک اہم رشتہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری کرکٹ سیریز دوستی، کھیلوں کے فروغ اور باہمی احترام کی علامت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے دنیا کو عظیم کرکٹرز دیے ہیں، جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ماضی کی طرح اس بار بھی شاندار کھیل پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں، بلکہ عوام کے درمیان محبت اور امن کا پیغام لے کر آتی ہے۔ حکومت پاکستان بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کرکٹ کی اصل روح، یعنی برداشت اور بھائی چارہ برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے ملتان سلطانز کو معطل کر دیا، وجہ کیا بنی؟
اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیریز ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہی اور وہ پاکستانی شائقین کی جوش و خروش سے بھرپور حمایت اور داد سے لطف اندوز ہوئے۔
واضح رہے کہ عشائیے میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے۔







